بھٹکل 29 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل جالی روڈ پر واقع لائف کئیر کے احاطے کی عمارت کے پہلے مالہ پر آج سنیچر کو بھٹکل قاضی صاحبان کی دعاوں اور نصیحتوں کے ساتھ کووڈ کئیر سینٹر کا خوبصورت افتتاح عمل میں آیا ۔
قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل نے انڈین نوائط فورم اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے اشتراک سے اس کووڈ کئیر سینٹر کوقائم کیا ہے جس میں فی الحال بارہ بیڈ کی سہولت فراہم کی گئی ہے،ضرورت پڑنے پر بیڈ بڑھائے جاسکیں گے۔
تنظیم دفتر میں اُردو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیم کے سابق جنرل سکریٹری ڈاکٹر حنیف شباب نے سینٹر کے تعلق سے مکمل معلومات فراہم کیں ، انہوں نے بتایا کہ کووڈ کے اس وبائی دور میں تنظیم بے حد متحرک ہوکر کام کررہی ہے، البتہ کئی اُمور ایسے ہوتے ہیں جسے عوام کے سامنے بیان کرنے سے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔شباب صاحب نے بتایا کہ تنظیم نے کووڈ پر قابو پانے کے لئے مختلف اقدامات کئے ہیں اور اس کے لئے ایک تنظیم کووڈ کئیر کمیٹی بھی قائم کی ہے جس کے کنوینر ایڈوکیٹ عمران لنکا صاحب ہیں جبکہ جوائنٹ کنوینر کے طور پر محمد صادق مٹا صاحب بھی سرگرم ہوکر اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔

شباب صاحب نے واضح کیا کہ ڈپارٹمنٹ لیول پر جو کام کرنا ہے، وہ بھی کررہے ہیں لیکن ہمارے لئے سب سے اہم ترجیح صحت کو دینی ہے۔ لوگوں کو علاج و معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنا یہ سب سے زیادہ اہم ہے اسی کو دیکھتے ہوئے ہم لوگ اس کام میں زیادہ منہمک ہے۔ مزید بتایا کہ لاک ڈاون آج ہے، کل ختم ہوجائے گا۔ لیکن کورونا کی اب تیسری لہر دستک دے رہی ہے، جس کے لئے پیشگی اقدامات کرنا ضروری ہے۔
ڈاکٹر شباب صاحب نے بتایا کہ کووڈ کئیر سینٹر میں کورونا کے ابتدائی علامات والے مریضوں کا علاج کیا جائے گا، زیادہ کریٹیکل والے مریضوں کو یہاں داخل نہیں کیا جائے گا۔ اس تعلق سے انہوں نے واضح کیا کہ کووڈ کئیر سینٹر میں موجود ڈاکٹرس مریض کی حالت دیکھ کر مناسب فیصلہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سینٹر میں اطمینان بخش سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ریاست کرناٹک میں کورونا وباء کے معاملات جیسے جیسے بڑھتے جارہے ہیں، بھٹکل کے کورونا سے متاثرہ لوگوں کا پڑوسی اضلاع میں علاج کے لئے جانے کا سلسلہ بھی دراز ہوتا جارہا ہے، جس کو دیکھتے ہوئے تنظیم نے پہلے بھٹکل ویمن سینٹر میں کووڈ کئیر سینٹر کو قائم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا مگر بعض ٹیکنیکل وجوہات کی بناء پر وہاں یہ سینٹر قائم نہیں کیا جاسکا، اب یہ سینٹر لائف کئیر اسپتال کے احاطے والی عمارت میں لائف کئیر اسپتال کے لائسنس پر ہی قائم کیا گیا ہے جس کے لئے تنظیم اور اس سے منسلک اداروں کی طرف سے دو ڈیوٹی ڈاکٹرس سمیت ان کی نگرانی کے لئے ایک فزیشن کا بھی تقرر کیا گیا ہے۔ ساتھ ساتھ اس سینٹر کے لئے تربیت یافتہ اور تجربہ کار نرسنگ اسٹاف کا تقرر کیا گیا ہے۔ مزید بتایا کہ اس وقت کے لوگوں کے معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے پرائیویٹ اسپتالوں کے جو چارجس ہیں، اس کے بالمقابل بہت ہی کفایتی اور مناسب چارجس پر علاج کی کوشش کی جائے گی۔
کووڈ کئیر سینٹر کو قائم کرنے کے لئے تنظیم کی طرف سے خدمات انجام دینے والوں کا شکریہ ادا کیا گیا جس میں بالخصوص لائف کئیر کے سلمان صاحب، تنظیم کے نائب صدر عتیق الرحمن مُنیری صاحب، انڈین نوائط فورم کے ایس ایم ارشد صاحب، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے یونس قاضیا صاحب کا تذکرہ کرنے کے ساتھ ساتھ لائف کئیر اسپتال کی عمارت کے مالک صدیقہ انصار صاحب کابھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے ذاتی فلائٹس کووڈ کئیر سینٹر کے لئے پیش کئے ہیں اور کہا ہے کہ جب تک یہ عارضی سینٹر قائم رہے گا، ان کے فلائٹس کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پریس کانفرنس میں تنظیم صدر جناب ایس ایم پرویز، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔